ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پوجا کھیڈکر: ایک خاتون آئی اے ایس افسر جوڈیوٹی پرتعینات ہونے سے پہلے ہی آسائشوں کی فرمائش کرنے لگی

پوجا کھیڈکر: ایک خاتون آئی اے ایس افسر جوڈیوٹی پرتعینات ہونے سے پہلے ہی آسائشوں کی فرمائش کرنے لگی

Sat, 13 Jul 2024 17:35:55    S.O. News Service

پونے، 13/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی)  اس وقت میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایک  خاتون آئی اے ایس افسر اپنے عہدے پر تعینات ہونے سے  پہلے ہی سرخیوں میں ہے۔ اس کی وجہ ہے اس کا وہ رویہ جو اس کے اعلیٰ افسران کیلئے درد سر بنا ہوا ہے۔ پوجا کھیڈکر نامی ۲۰۲۳ء کے بیچ کی یہ افسر پونے میں اس وقت ٹریننگ لے رہی ہیں لیکن انہوں نے اپنے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں گاڑی دی جائے، رہائش کے طور پر بنگلہ فراہم کیا جائے اور دیگر سہولیات و آسائش جو ایک آئی اے ایس افسر کو  ملنی چاہئے وہ دستیاب کروائی جائیں۔ پوجا کو جب اس بات سے آگاہ کروایا گیا کہ یہ سہولیات انہیں ڈیوٹی پر تعینات ہونے کے بعد دی جائیں گی۔ اس وقت وہ ایک جونیئر افسر ہیں اور ٹریننگ لے رہی ہیں اس لئے وہ ان سہولیات کی اہل نہیں ہیں، تو اس نے خود ہی اپنی آڈی کار پر لال بتی اور سائرن لگوا لیا تاکہ سماج میں اس کا رعب قائم ہو۔ 

 پوجا کو پونے میں بطور اسسٹنٹ کلکٹر تعینات کیا گیا تھا۔ وہ سرخیوں میں تب آئیں جب انہوں نے اپنی گاڑی پر ’حکومت مہاراشٹر‘ کا اسٹیکر لگایا اور لال بتی کے ساتھ سائرن لگوایا۔ ساتھ ہی پونے کے ایڈیشنل کلکٹر اجے مورے کی غیر حاضری میں ان کا آفس استعمال کرنے لگی۔ حتیٰ کہ ان کے آفس کا فرنیچر بھی اس نے کہیں اور بھجوا دیا۔ ساتھ ہی اعلیٰ افسران سے اپنے نام کا لیٹر ہیڈ اور وی آئی پی نیم پلیٹ کا مطالبہ کرنے لگی۔  ان سارے معاملات کے بعد پوجا کا تبادلہ واشم میں کر دیا گیا۔ 

پوجا کے والد خود ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ہیں۔ انہوں نے پوجا کو سمجھانے کے بجائے حکام سے اس کے مطالبات پورے کرنے پر اصرار شروع کر دیا۔ یہ معاملہ اس قدر مشہور ہوا کہ بات دفتر وزیراعظم تک پہنچی اور دفتر نے پوجا کی فائل منگوائی۔  فی الحال  ڈپارٹمنٹ آف پرسنل اینڈ ٹریننگ کے ایڈیشنل سیکریٹری اس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پوجا پر عائد الزامات ثابت ہو گئے تو اس کا آئی اے ایس کا درجہ منسوخ بھی کیا جاسکتا ہے۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ پوجا نے جو او بی سی سرٹیفکیٹ جمع کروایا ہے وہ جعلی ہے۔ جبکہ اپنا فارم معذوروں کے زمرے میں جمع کروایا تھا لیکن اس تعلق سے کوئی ٹیسٹ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ جب ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانے کا وقت آیا تو نجی طور پر ٹیسٹ کروانے کے بعد اس کی رپورٹ جمع کروا دی۔ 

پوجا کے والد کے تعلق سے کہا جا رہا ہے کہ وہ سیاسی اثر ورسوخ رکھتے ہیں۔ جبکہ اس کی والدہ منورما کھیڈکر کا بھی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ ہاتھ میں پستول لئے کسی کو دھمکا رہی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ پونے کے قریب ان لوگوں نے کسانوں سے ایک زمین خریدی تھی۔ لیکن جتنی زمین کی رقم ادا کی گئی تھی اس سے زیادہ کی زمین پر قبضہ کر لیا تھا۔ جب کسانوں نے اس کی مخالفت کی تو منورما نے پستول نکال کر انہیں دھمکایا تھا۔ فی الحال اس پورے معاملے کی جانچ جاری ہے۔ اگر پوجا کا جرم ثابت ہوا تو اسے اپنی نوکری سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔ 


Share: